موسمی تبدیلیاں Climate Change   

اللہ تعالیٰ نے زمین پر مخصوص حرارت قائم رکھنے کے لیے ایک قدرتی نظام بنایا ہے۔ سورج سے زمین کو حرارت ملتی ہے۔ جس سے زمین گرم ہوتی ہے۔ اس حرارت کا ایک حصہ زمین واپس منعکس Radiate  کرتی ہے۔ فضاء میں موجود بعض گیسیں اس حرارت کے ایک حصہ کو جذب کرتی ہیں۔ ان گیسوں کو گرین ہاؤز گیسیس Greenhouse Gases کہا جاتا ہے۔ گیسوں کے ذریعہ اس انجذاب کی وجہہ سے زمین پر گرمی برقرار رہتی ہے۔ کاربن ڈائی آکسائیڈ میتھین، نائٹرس اکسائید، ہائیڈرو فلور وکاربن، سلفرہیگسا فلور آئیڈ اور آبی بخارات کچھ اہم گرین ہاؤز گیسیں ہیں۔

ان گرین ہاؤز گیسوں کا وجود ضروری ہے۔ ان کے بغیر زمین پر حرارت باقی نہیں رہ سکتی تھی۔ اگر کاربن ڈائی آکسائیڈ فضا میں نہ ہوتی تو زمین پر درجہ حرارت گر کر   C٘ - 18 (فریج کے ڈیپ فریزر سے بھی کم )ہوجاتا اور زمین پر زندگی کا وجود مشکل ہوجاتا۔(۱)

لیکن ان گیسوں کا صحیح تناسب میں ہونا ضروری ہے۔ تناسب قائم رکھنے کے لیے اللہ تعالیٰ نے قدرتی نظام بنایا کہ اگرحیوانات سانس لینے کے دوران آکسیجن لے کر کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج کرتے ہیں تو نباتات اس کے بر عکس کاربن ڈائی آکسائیڈ لے کر آکسیجن خارج کرتے ہیں۔ اس طرح قدرتی توازن برقرار رہتا ہے۔