|
اللہ تعالیٰ نے اس دنیا میں کوئی چیز بے کار نہیں بنائی.۔
ربنا ماخلقت ھذہٰ باطلاً (اے ہمارے رب تونے کوئی چیز بے کار نہیں بنائی ۔ آل عمران 191)
نباتات اور حیوانات کی ہر نوع کے ذمہ اس دنیا کو چلانے کے لیے کوئی نہ کوئی اہم کام دیا گیا ہے۔ ان ا نواع کا خاتمہ در اصل ان کے ذمہ کیے گئے کاموں کا رک جانا ہوتا ہے۔ جس کے نتیجہ میں انسان کے بشمول کائنات کی ہر مخلوق تکلیف کا شکار ہوتی ہے۔سمندر وں میں موجود نھنے منے Planktons فضا میںموجود کاربن ڈائی آکسائیڈ کے تناسب کو برقرار رکھنے میں اہم رول ادا کرتے ہیں۔ سمندر کے درجہ حرارت کے بڑھ جانے سے ان کے ضیاع کو گرین ہاؤز گیسوں کے تناسب کو بڑھانے اور گرمی بڑھانے کا ایک اہم سبب مانا جاتا ہے۔ چوہے کھانے والے سانپوں اور مچھر کے انڈے کھانے والے مینڈکوں کے بغیر انسان کی زندگی مشکل ہے۔ یہ نہ ہوں تو طاعون اور ملیریا کی وبائیں آناًفاناً انسان کا خاتمہ کر دیں گی۔بعض انواع کے کاموں کو ہم جانتے ہیں۔ لیکن نباتات و حیوانات اور خاص طور پر نظر نہ آنے والے جرثوموں کی کروڑں قسمیں ہماری زندگی کی حفاظت اور بقا کے لئے اللہ کے حکم سے جو خاموش کام کررہی ہیں ان کا ہمیں پتہ بھی نہیں ہے۔اس لئے ان کا ضیاع ہمارے لئے کیسی کیسی قیامتیں بپا کر سکتا ہے، اس کا اندازہ بھی ہم نہیں لگا سکتے۔ |